News

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.

Visit their website at: https://dusp.org/

Thank you,

وزیر اعظم کے قابل تحسین اقدامات مگر

وز یر اعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی حکومت کی باہمی شراکت داری سے اٹک میں دو سوبستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہاسپٹل کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت پر تنقید کرنے والوں کو پانچ سال بعد جواب دیں گے۔ سابقہ حکومتیں حکمرانی کے دوران آئندہ الیکشن کا سوچتی تھیں جبکہ ہم غریب عوام کا سوچ رہے ہیں۔ تین سو تیس ارب روپے کی لاگت سے پنجاب کے ہر خاندان کو دس لاکھ روپے تک کی مفت ہیلتھ انشورنس کے تحت صحت کارڈ کی فراہمی کا عمل اگلے سال مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس پروگرام سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں پرائیویٹ اسپتال قائم کرنے کا رجحان بڑھے گا جنہیں ہم سستی زمینیں فراہم کریں گے اور مشینری پر کسٹم ڈیوٹی میں چھوٹ دینگے۔ ہم پانچ سالوں میں ملک کو خوشحال کر کے آئندہ انتخابات میں کامیابی سمیٹیں گے۔ تین بڑے ڈیم بنا رہے ہیں جبکہ دس سال میں دس بڑے ڈیم بنائیں گے جس سے مستقبل قریب میں پانی کے عالمی بحران کا سامنا کرنے کی مکمل تیاری کر لیں گے۔ زچگی کے دوران ماں اور بچے کی ہلاکتوں کی تعداد میں پاکستان سب سے آگے ہے جو ہمارے لئےمقامِ شرمندگی ہے۔

ہر سابق حکمراں کی طرح وزیراعظم نے بھی اب اضلاع کی سطح پر تعمیر و ترقی کے کاموں کا آغاز کر دیا ہے اور دیہی علاقوں کے عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اسپتالوں کی تعمیر با لخصوص ماں، بچے کی صحت کی طرف بھر پور توجہ ینے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ خوش آئند ہے ہر سال ملک میں خواتین کی ایک بڑی تعداد زچگی کے دوران اپنی جان کی بازی ہار جاتی ہے جس سے گھرانوں کا سارا نظام بگڑ جاتا ہے۔ اس طرف توجہ دینا ایک احسن اقدام ہے۔ صحت کی بنیادی سہولتوں پر نہ صرف بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے بلکہ اسپتالوں سے نومولود بچوں کے اغوا کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر بھی قابو پانا ضروری ہے اور ایسے عناصر کیخلاف قوانین کو سخت بنایا جانا چاہئے، اسی طرح پنجاب بشمول راولپنڈی اسلام آباد میں سفید پوش گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ کی بھی میرٹ پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے اس میں تیزی لائی جائے، جہاں تک وزیراعظم کا یہ کہنا ہے کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں پرائیویٹ اسپتالوں کا رجحان بڑھے گا جنہیں ہم سستی زمینیں فراہم کریں گے اور انہیں مشینری پرکسٹم ڈیوٹی میں چھوٹ دیں گے یہ شاید بلکہ یقیناً ظلم ہو گا کیونکہ نجی اسپتالوں نے صحت کی سہولتوں کی فراہمی کو ایک نہایت منفعت بخش کاروبار بنا لیا ہے۔

عام بیماری کے علاج کیلئے جانے والا بھی ہزاروں لاکھوں روپے ادا کر کے جان چھڑاتا ہے ٹیسٹ کے نام پر ایک سیریز چلائی جاتی ہے ہزاروں روپے کے عوض ٹیسٹوں کے بعد مہنگی ادویات سے علاج و معالجے کے نام پر تجربات کئے جاتے ہیں جو عموماً قطع زیست پر منتج ہوتے ہیں، بہتر ہے کہ حکومت سرکاری اسپتالوں میں ایسی بہترین صحت کی سہولتیں فراہم کرے کہ عام اور خاص ہر شخص علاج کرا کے صحت حاصل کر سکے۔ اب کچھ ذکر ِخیر چینی بحران کا بھی کہ وزیر اعظم عوام کو اس قدر تڑپانے کے بعد کیا فرما رہے ہیں۔ چینی کے بحران پر وزیراعظم نے دلچسپ لیکن حقیقت پسندانہ موقف اپنایا کہ جب معلومات لیں تو پتہ چلا کہ سندھ کی تین شوگر ملز بند پڑی ہیں جس کی وجہ سے پنجاب اور دیگر علاقوں میں شوگر مافیا نے ذخیرہ اندوزی شروع کر دی، پھر جب ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کئے تو پتہ چلا کہ انہوں نے تو رواں سال جولائی سے اپنے خلاف کارروائی کے سلسلے میں اسٹے آرڈر لیا ہوا ہے۔ شوگر کمیشن رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کو شوگر ملوں سے پانچ سو ارب روپے ٹیکس وصول کرنا ہے اور کمپیٹیشن کمیشن نے شوگر ملز پر چالیس ارب روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہوا ہے لیکن یہ دونوں معاملات ابھی اسٹے آرڈر کی وجہ سے التوا کا شکار ہیں۔ 

انہوں نے یہ عقدہ کھولنے کے بعدوزیراعلیٰ پنجاب المعروف وسیم اکرم پلس سے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل کو حکم دیں کر یہ اسٹے آرڈر جلد ختم کروائیں تا کہ شوگر مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ اب دیکھیں کہ وہ کبُ حکم دیتے ہیں اور کب شوگر مافیا جرمانہ ادا کرتا ہے اور پانچ سو ارب ٹیکس بھی، پھر بھی اگر چینی سستی نہ ہوئی تو کیا ہو گا گڑ اور شکر کی بھی قیمتیں اوپر چلی گئی ہیں ، گڑ شکر سے بھی مہنگا ہے، کھانڈ تو قصہ پارینہ کب کی بن چکی ہے۔ شاید حکیم ادویات میں استعمال کرتے ہونگے۔ کئی ایک علاقوں میں مافیا کی زبردستی پر گڑ بنانے پر پابندی بھی ہے کیونکہ اگر عوام نے اس کو متبادل بنا لیا تو شوگر ملز مالکان کے گلشن کا کاروبار کیسے چلے گا ایک دل جلے نے کہا ہے کہ ترین کی سستی چینی پھیکی تھی یہ ایک سو ساٹھ میں بکنے والی چینی میٹھی ہے۔

اب دل تھامئے کہ تین برس میں خوردنی تیل کی قیمت میں 130 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 160 روپے سے 369 روپے کلو ہو گیا مینوفیکچررز، ہول سیلرز اور مڈل مین نے 170 سے 190 رب روپے اضافی منافع کمایا 300 بااثر افراد 15 سو ارب روپے کی مجموعی خوردنی تیل کی مارکیٹ پر قابض ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق، خوردنی تیل کی قیمتوں میں اس غیرمعمولی اضافے سے مینوفیکچررز، ہول سیلرز اور مڈل مین کو مجموعی طور پر اگست 2018 سے ستمبر، 2021 تک 170 ارب روپے سے 190 ارب روپے تک اضافی منافع حاصل ہوا ہے۔ جہاں تک وزیر اعظم کے اس بیان کا تعلق ہے کہ ہم حکومت پر تنقید کرنے والوں کو پانچ سال بعد جواب دیں گے۔ سابقہ حکومتیں حکمرانی کے دوران آئندہ الیکشن کا سوچتی تھیں اور ہم غریب عوام کا سوچ رہے ہیں۔ بات ایسی بھی سیدھی نہیں ہے کہ صرف تعمیر و ترقی کے کام ہی انہیں عام انتخابات میں کامیابی دلائیں گے اس شدید مہنگائی کے بعد عوام ہی فیصلہ کریں گے کہ اگلے پانچ سال بھی انہیں چیخیں مارنی ہیں یا کسی متبادل کو منتخب کرنا ہے۔

مشتاق احمد قریشی 

بشکریہ روزنامہ جنگ


Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments