News

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.

Visit their website at: https://dusp.org/

Thank you,

پہلے والے کون لوگ تھے؟

جب سے پی ٹی آئی حکومت آئی ہے، ہمارے وزیر اعظم صاحب صرف ایک بات دہرائے جا رہے ہیں کہ میں این آراو نہیں دوں گا جبکہ ان کے وزرا اور مشیران نے گزشتہ 3 سال سے ایک ہی رٹ لگا رکھی ہے کہ حالیہ مہنگائی کی وجہ ماضی کے حکمران ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان جب وزیر اعظم نہیں تھے تو اپنی تقریروں میں کہتے تھے کہ پیٹرول بہت مہنگا ہے حکومت چور ہے جبکہ اُس وقت پیٹرول 75 روپے لیٹر تھا اور عمران خان صاحب کہتے تھے کہ یہ لوگ 36 روپے کھا رہے ہیں اُس وقت آٹا 40 روپے کلو تھا اور آج 80 سے 85 روپے کلو ہے۔ اُس وقت چینی 55 روپے کلو تھی جو آج 100 روپے سے اوپر جا چکی ہے۔ عمران خان اپنی تقریروں میں بار بار کہتے تھے کہ اگر ڈالر ایک روپیہ بڑھتا ہے تو ملک 1 ہزار ارب کا مقروض ہو جا تا ہے تو سمجھیں وزیر اعظم چور ہے۔ آج ڈالر 180 روپے سے اوپر جا چکا ہے۔ پھر بھی وزیر اعظم ایماندار ہے۔ میں آپ سب سے یہ سوال کرتا ہوں کہ پچھلے کون تھے اور موجودہ کون ہیں اور کتنا قصور پچھلوں کا تھا اور کتنا موجودہ لوگوں کا ہے؟

آئیے، شروع کرتے ہیں وزیر ہوا بازی سرور خان سے، اس سے قبل وہ 1985 اور 1988 اور 1990 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے MPA منتخب ہوئے اور وزارت کے مزے لوٹتے رہے۔ جب 1997 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن ہار گئے تو 2004 میں شوکت عزیز کی کابینہ میں محنت اور افرادی قوت کے وزیر تھے۔ اب کہتے ہیں کہ ہمارا تو کوئی قصور نہیں ملک تو پہلے والوں نے تباہ کیا تھا۔  صاحبزادہ محبوب سلطان بھی وفاقی وزیر ہیں، 2002 اور 2008 کا الیکشن ق لیگ کے ٹکٹ پر لڑا، 2013 کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار تھے، 2018 میں پی ٹی آئی ان کی منزل مراد بن گئی اور ان کی خدمات کے صلے میں انہیں وفاقی وزارت عطا کر دی گئی۔ ان کا بھی یہی خیال ہو گا کہ سارا ستیاناس تو پہلے والوں نے کر رکھا تھا۔ نور الحق قادری وفاقی وزیر برائے مذہبی امور ہیں، زرداری دور میں قادری صاحب زکوۃ و عشر کے وفاقی وزیر تھے۔ اتنے نظریاتی واقع ہوئے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے انہیں بغیر کسی محکمہ کے وزیر بھی بنائے رکھا اور وہ بدمزہ بھی نہ ہوئے۔ یقیناً ان کا بھی یہی خیا ل ہو گا کہ خرابی تو ساری پہلی والوں نے پیدا کی تھی۔

خسرو بختیار صاحب اکنامک افیئرز کے وفاقی وزیر ہیں 1997 میں مسلم لیگ ن میں تھے۔ 2002 میں ق لیگ کے ٹکٹ پر MNA بنے۔ شوکت عزیز کی کابینہ میں امور خارجہ کے وزیر مملکت تھے،2013 میں پھرمسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے۔ 2018 میں پی ٹی آئی میں گھس گئے اب ان کا بھی یہی خیال ہے کہ ملک تو پہلے والوں نے اس حال تک پہنچایا۔ فواد چوہدری جو سائنس ایند ٹیکنالوجی کی وزارت میں دیگر ممالک سے سیٹلائٹ کا ڈیٹا خرید کر (مگر اپنا سیٹلائٹ نہیں بناتے) اس کی مدد سے عیدوں پر چاند چڑھاتے رہتے ہیں، مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ میں تھے۔ پھر پاکستان پیپلز پارٹی پر بہار آئی تو اس کی شاخ پر جا بیٹھے اب وہ پی ٹی آئی کے سدا بہار ملک الشعراء ہیں۔ ذرا پوچھ کر دیکھئے وہ آپ کو بتائیں گے کہ ساری خرابیاں پہلے والوں نے پیدا کی تھیں۔ 

عمر ایوب وفاقی وزیر ہیں، 2002 کا الیکشن ق لیگ کے ٹکٹ سے لڑا شوکت عزیز کی کابینہ میں وزیر مملکت رہے۔ 2012 میں ن لیگ میں چلے گئے الیکشن سے چند ماہ پہلے پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے۔ ایک صدر مملکت کے پوتے اور وزیر خارجہ کے صاحبزادے ہونے کے ناطے وہ بھی بتا سکتے ہیں کہ ملک پہلے والوں نے خراب کیا ہمارا کیا قصور ہے۔ محمد میاں سومرو الیکشن والے سال پی ٹی آئی کا حصہ بنے۔ اس وقت وفاقی وزیر ہیں، وہ چیئرمین سینٹ، قائم مقام وزیر اعظم اور صدر بھی رہ چکے اور مشرف دور میں گورنر سندھ، اس لئے وہ زیادہ بہتر طریقے سے بتا سکتے ہیں کہ ملک تو پہلے والوں نے تباہ کیا تھا، موجودہ حکومت کا تو کوئی قصور نہیں ہے۔ سید فخر امام وفاقی وزیر ہیں، سابق اسپیکر اور قائد حزب اختلاف بھی رہ چکے، ان کی اہلیہ نواز شریف دور میں وزیر خارجہ رہ چکیں۔ یہ بھی آپ کو بتا سکتے ہیں کہ ملک تو پہلے والوں نے خراب کیا ہمیں تو اقتدار میں آئے ابھی 3 سال بھی نہیں ہوئے، ہم ستر سال کا گند تین سال میں کیسے صاف کر سکتے ہیں؟

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بھی مختلف پارٹیوں سے ہوتے ہوئے موجودہ اتحادی حکومت میں شامل ہوئے، ان سے تو پوچھنے کی ضرورت بھی نہیں کہ تباہی میں کس کا ہاتھ ہے؟ طارق بشیر چیمہ صاحب بھی وفاقی وزیر ہیں، سیاسی سفر میں البتہ وہ PPP میں رہے، ق لیگ میں رہے بہاولپور کے ناظم رہے۔ ایم پی اے رہے پنجاب کے وزیر خوراک و زراعت رہے، 2016 میں ق لیگ کے سیکرٹری جنرل تھے۔ وہ بھی شاید کہتے ہوں گے کہ ہمیں تو 3 سال ہوئے ہیں آئے ہوئے، ملک تو پہلے والوں نے لوٹا۔ اعظم سواتی بھی وفاقی وزیر ہیں۔ یوسف رضا گیلانی کی حکومت میں موصوف وفاقی وزیر تھے۔ باقی کی ساری داستان سے آپ واقف ہی ہوں گے۔ ابھی تو مشیران اور وزرائے مملکت کی فہرست باقی ہے لیکن پھر بھی یہ بات تسلیم اور سر آنکھوں پر کہ پہلے والوں نے ملک لوٹ کھایا اور ان کا پھیلایا گند 3 سال میں صاف نہیں ہو سکتا لیکن عالی جاہ یہ تو بتا دیجیے وہ پہلے والے تھے کون ؟ اور یہ جو کابینہ میں ہیں یہ کیا بعد والے ہیں؟

خلیل احمد نینی تا ل والا 

بشکریہ روزنامہ جنگ

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments