News

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.

Visit their website at: https://dusp.org/

Thank you,

پاکستان میں کرپشن کا مرض

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی گلوبل کرپشن رپورٹ سے موجودہ حکومت کے اِن دعووں کو یقینی طور پر دھچکا لگا ہے جو ملک میں کرپشن کے خاتمے کی کوششوں کے حوالے سے کئے جاتے رہے ہیں۔ دنیا بھر میں کرپشن کی صورتحال پر نظر رکھنے والی مذکورہ ایجنسی نے سال 2021 کے جائزے پر مبنی کرپشن پر سپشن انڈیکس (سی پی آئی) جاری کیا ہے جس میں پاکستان 180 ممالک میں 140ویں درجے پر پہنچا نظر آرہا ہے جبکہ سال 2020 میں پاکستان سی پی آئی رینکنگ میں 124ویں نمبر پر تھا۔ رپورٹ میں سی پی آئی اسکور میں 16 درجے کی نمایاں تنزلی کی وجہ قانون کی حکمرانی اور ریاستی گرفت کی عدم موجودگی بتائی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے، جو کرپشن ختم کرنے کے دعووں کے ساتھ سیاست میں آئے تھے، وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ موقف دہرایا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے ہیں مگر کرپشن کرنے والے عناصر مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے ملک سے باہر ہیں یا مقدمات میں غیر ضروری التوا کے ہتھکنڈے اختیار کر رہے ہیں۔

ان کی دلیل اگرچہ وزن رکھتی ہے مگر یہ مسئلہ تنہا پاکستان کا نہیں، بہت سے ملکوں کا ہے۔ جن 180 ملکوں کی کرپشن انڈیکس جاری کی گئی وہاں کسی نہ کسی درجے میں کرپشن یا لالچ کے مرض کی موجودگی کو کلی طور پر خارج از امکان نہیں کہا جاسکتا۔ ڈنمارک، فن لینڈ اور نیوزی لینڈ بھی اسی زمین کا حصہ ہیں جنہیں 180 ممالک کی فہرست میں 88 اسکور کےساتھ بہترین قرار دیا گیا ہے۔ 85 اسکور رکھنے والے سنگاپور اور سویڈن، 40 اسکور والے بھارت اور 28 اسکور والے پاکستان میں کرپشن کے کمی یا زیادتی کی وجوہ ان ممالک کے نظام قانون اور اس کے نفاذ کے طور طریقوں میں تلاش کی جاسکتی ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ماہرین ہوں یا وطن عزیز سمیت دنیا بھر کے دیگر ممالک کے دانشور۔ اس امر پر سب ہی اتفاق رکھتے ہیں کہ بدلتے حالات کے مطابق درست قانون سازی اور اس کے موثر نفاذ میں ہی کرپشن سمیت متعدد مسائل کا حل مضمر ہے۔

قوانین کا بھی محض بنانا کافی نہیں، ان پر علمدرآمد کے لئے لوگوں کوتیار کرنا ضروری ہے۔ یہ ایک مسلسل عمل ہے جو پیدائش کے وقت سے شروع ہو کر شخصیت کی مکمل نشو و نما کے مرحلے تک جاری رہتا ہے۔ وطن عزیز میں کرپشن کے حوالے سے اہم حکومتی بیانیہ وزیراطلاعات چوہدری فواد کی اس دلیل کے ساتھ آیا کہ ٹرانسپیرنسی رپورٹ میں پاکستان کا اسکور قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے گرا۔ اچھا ہوتا کہ مالی کرپشن کی اس حقیقت کو بھی تسلیم کر لیا جاتا جس کا ایک ثبوت سابق میونسپل کمشنر کورنگی (کراچی) کے گھر پر نیب راولپنڈی کے چھاپے میں کئی ملین کی ٹی ٹی کی رسیدوں، ملکی و غیرملکی کرنسی کے انباروں اور سونے کی اینٹوں پر مشتمل مبینہ خزانے کی برآمدگی کی صورت میں سامنے آیا۔ 

کوئٹہ کے ایک گھر سے برآمد ہونے والے اربوں روپے کے خزانے، کراچی کے ایک لان سے اربوں روپے کے دفینے کی برآمدگی سمیت کئی واقعات کچھ برس قبل ہی کی بات ہیں۔ سات عشروں میں ہر شعبے میں سرایت کر جانے والے کرپشن کی ہلاکت خیزی سے بچائو کے لئے پورے سسٹم کی اوور ہالنگ کی ضرورت ہے جو راتوں رات ممکن نہیں۔ اس کے لئے وسیع مشاورت اور جامع منصوبہ بندی سے ایک طویل مدتی لائحہ عمل کا متفقہ میثاق ضروری ہے جس کے لئے تمام سیاسی و سماجی مکاتب فکر کے صاحبان دانش کو مل کر کام کرنا اور سازگار فضا بنانا ہو گی۔ کرپشن کا خاتمہ ملکی سلامتی اور استحکام کے تقاضوں کا بھی حصہ ہے۔ اس کے لئے دلجمعی سے سنجیدہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments