News

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.

Visit their website at: https://dusp.org/

Thank you,

روس یوکرین جنگ اور ترکی

ترکی جو نیٹو کی فوجی قوت کے لحاظ سے امریکہ کے بعد دوسرا بڑا ملک ہے، یورپی یونین کی مستقل رکنیت کا بھی امیدوارہے جب کہ اس کے روس اور یوکرین دونوں ملکوں کے ساتھ بڑے گہرے اور قریبی تعلقات ہیں۔ اس وقت تک صدر ایردوان روسی لیڈر پیوٹن سے کئی ملاقاتیں کر چکے ہیں، دونوں رہنمائوں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ایک عام سی بات بن چکی ہے جبکہ صدر ایردوان کے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ بھی بڑے خوشگوار مراسم ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ صدر زیلنسکی نے یورپ کی جانب سے انہیں تنہا چھوڑ جانے پر اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر بیان دیتے ہوئےدوست اور برادر ملک ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان اور ترک عوام کا شکریہ ادا کیا تھا اور کہا تھا کہ یوکرینی عوام کبھی صدر ایردوان اور ترک عوام کی محبت اور چاہت کو فراموش نہیں کریں گے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے ترکی کی جانب سے روس کے جنگی بحری جہازوں کو آبنائے استنبول (Strait Bosphorus) اورآبنائے چناق قلعے (Strait Dardanelles) سے گزرنے کی اجازت نہ دینے اور یوکرین کی عسکری اور انسانی امداد کرنے پر بھی صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ 

ترکی نے بحیرہ اسود کے تمام ساحلی اور غیر ساحلی ممالک کو بھی اس راستے سے اپنے جنگی بحری جہاز نہ بھیجنے کے بارے خبردار کر رکھا ہے۔ اس سلسلے میں ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے معاہدہ مونتریو (Montreux Convention) کے بارے میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا، اس معاہدے کے تحت ترکی کو جنگی حالات میں بحری جہازوں کو باسفورس اور ڈارڈینیلس سے گزرنے پر پابندی عائد کرنے کا حق حاصل ہے اور اس معاہدے پر جولائی 1936 سے عمل کیا جا رہا ہے۔ اس وقت کم از کم چار روسی جنگی بحری جہاز بحیرہ اسود سے  گزرنے کی اجازت کے حصول کے منتظر ہیں۔ حکومتِ ترکی نے اس سلسلے میں ان جنگی بحری جہازوں کوجنگ جاری رہنے تک گزرنے کی اجازت نہ دینے سے متعلق پہلے ہی حکومتِ روس کو آگاہ کر دیا ہے۔ صدر ایردوان نے روس اور یوکرین کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے آغاز پر ہی اس مسئلے کو پُر امن طریقے سے حل کرنے کے لیے صدر پیوٹن اور صدر زیلنسکی کے درمیان ثالثی کی پیش کش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترکی کے لیے یوکرین اور روس میں سے کسی کو بھی چھوڑنا ممکن نہیں ہے۔ 

بعد میں صدر زیلنسکی نے ثالثی مذاکرات کے لیے جن مقامات کی نشاندہی کی تھی اس میں استنبول بھی شامل تھا لیکن روس کی جانب سے بیلاروس میں مذاکرات کرنے پر اصرار کی وجہ سے یہ مذاکرات یوکرین اور بیلا روس کی سرحد پر شروع ہوئے لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ اگر ان مذاکرات کو کامیاب بنانا ہے تو یہ صدر ایردوان کی ثالثی ہی سے ممکن ہے۔ صدر ایردوان نے روس کے یوکرین پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے روسی حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا اور یوکرین کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ’’ ہم یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کو مسترد کرتے ہیں۔ یہ حملہ خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے‘‘۔ صدر ایردوان کے روسی صدر کے قریبی دوست ہونے کے باوجود دیے جانے والے بیانات اگرچہ ایردوان کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں لیکن انہوں نے اپنے اس بیان سے ثابت کر دیا ہے کہ مظلوم عوام کی آواز بننے کے لیے دوستی کو بھی قربان کیا جاسکتا ہے۔

ترکی کسی بھی صورت روس کو ناراض نہیں کرنا چاہتا، اسی لیے یورپی کونسل سے روس کی رکنیت ختم کرنے کے بارے میں ہونے والی رائے شماری میں ترکی غیر جانبدار رہا تھا۔ بعد میں ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ترکی اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ ترکی کے روس کیساتھ اتنے گہرے تعلقات ہیں کہ اس نے نیٹو کا رُکن ہونے کے باوجود روس سے دفاعی میزائل سسٹم ایس 400 خرید رکھا ہے، اس خریداری کے بعد ترکی کے نیٹو ممالک کیساتھ تعلقات میں فیصلہ کُن تبدیلی رونما ہوئی تھی اور امریکہ نے ترکی پر کئی پابندیاں عائد کر دی تھیں اور ایف 35 طیاروں کے مشترکہ منصوبے سے ترکی کو نکال دیا تھا۔ اس لیے ترکی روس کے ساتھ اپنے تعلقات کسی بھی صورت دائو پر نہیں لگائے گا۔ اگر روس نے یوکرین پر اپنی گرفت مضبوط کر لی تو اس کے واضح اثرات لازمی طور پر وسطی ایشیائی ترک جمہوریتوں پر بھی مرتب ہوں گے جن کے ترکی کے ساتھ بڑے گہرے تعلقات ہیں بلکہ یہ تمام ممالک ترکی زبان ( مختلف لہجے) بولنے والے ممالک ہی سمجھے جاتے ہیں روس کے زیادہ قریب آجائینگے اور ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ 

اس سلسلے میں قازقستان کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ اس وقت ترکی کے یوکرین کے ساتھ بھی قریبی تعلقات ہیں، خاص طور پر دفاعی شعبے میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے گہرا تعاون کر رہے ہیں۔ حکومت ترکی نے اس دوران یوکرین کو ایک سو عدد بائرایکتارٹی بی 2 ڈرونز فروخت کیے ہیں اور یوکرین نے روس کے ساتھ جنگ میں ان ڈرونز کے ذریعے روسی فوجی دستوں کو اچھا خاصا نقصان بھی پہنچایا ہے اور اس وقت تک حکومتِ یوکرین کا روس کے خلاف استعمال کیا جانے والا یہ سب سے موثر ہتھیار سمجھا جا رہا ہے۔ ترکی کے یوکرین کو ڈرونز کی فروخت پر روس کو شدید غصہ ہے لیکن ترکی کا موقف ہے کہ وہ کسی بھی ملک کو اپنا فوجی سازو سامان فروخت کرنے کا حق رکھتا ہے اور اس نے نیٹو کا رکن ہونے کے باوجود روس سے ایس 400 میزائل سسٹم خریدا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ترکی کس طرح ان دونوں ممالک کے درمیان جنگ رکوانے اور ثالثی کا کردار ادا کرنے میں کامیاب ہوتا ہے۔

ڈاکٹر فر قان حمید

بشکریہ روزنامہ جنگ

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments