News

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.

Visit their website at: https://dusp.org/

Thank you,

ملک کی بدلتی صورتحال

قارئین میں اسرائیل کے ایک سابق وزیر اعظم ایہود اونمرت کا قصہ بتاتا ہوں۔ وہ اسرائیل کا وزیراعظم تھا، اس نے 7 سال فوج میں ملازمت کی پھر وزیر کے عہدے پر کام کرتا رہا۔ القدس کا میونسپل صدر رہا، نائب وزیر اعظم بھی رہا اور پھر وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہوا ۔2009 میں انکشاف ہوا کہ جب یہ میونسپل کا صدر تھا تو اس نے رشوت لی تھی، جس پر 11 سال یعنی 2016 تک کورٹ میں مقدمہ چلتا رہا حتیٰ کہ اس کا رشوت لینا ثابت ہو گیا اور کورٹ نے اس کو 7 سال کی سزا دے دی۔ جب جرم ثابت ہو گیا تو کسی اسرائیلی نے یہ نہیں کہا کہ یہ فوجی تھا یا ہمارا وزیر اعظم رہا اور اس نے ملک کی بہت خدمت کی تھی، بلکہ وہ قوم کے نزدیک صرف ایک رشوت خور اور لٹیرا تھا۔ یہ سبب ہے ان کی کامیابیوں کا اور ہماری ناکامیوں کا کیونکہ کہ ہم ایسے لیڈروں کے جنہوں نے ہمیں لوٹا، گن گاتے ہیں اور ان کے سروں پر تاج پہناتے ہیں۔

اس وقت حکومت اور پی ٹی آئی میں کشمکش جاری ہے، عدالتیں روزانہ کی بنیاد پر فیصلے دے رہی ہیں۔ لاہور کی عدلیہ کچھ اور فیصلے دے رہی ہے اور اسلام آباد کی عدلیہ کچھ اور۔ اس وقت سب کے گناہ معاف ہو رہے ہیں۔ کوئی پنجاب پر قابض ہے توکوئی اسلام آبا د پر۔ انتظامیہ بھی خاموش ہے، فوج بھی خاموشی سے دیکھ رہی ہے ۔ پاکستان کا کیا ہو گا ؟ صوبے اپنے اپنے مطلب کی باتیں کر رہے ہیں، تمام وہ افراد جن کو سزائیں دی گئی تھیں اب ان کو آہستہ آہستہ بری کیا جا رہا ہے۔ ہر صبح ایک نئی بریت کا اعلان ہوتا ہے۔ دوسری طرف پاکستان کے عوام لااینڈ آرڈر، مہنگائی اور سیلاب سے پریشان ہیں، اس وقت یہ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ یہ ملک کون چلا رہا ہے اور کب تک اس طرح چلتا رہے گا ؟ کل تک جو چل نہیں سکتے تھے اور پاکستان میں جن کا علاج نہیں ہو سکتا تھا وہ نیب کے جاتے ہی سوٹ پہن کر باہر آگئے اور اسمبلی سے حلف اٹھا کر وزیر خزانہ بنا دئیے گئے۔

اب ایک اور بیمار صرف نواز شریف صاحب رہ گئے ہیں اور ان کو لینے ان کی صاحبزادی مریم نواز پہنچ چکی ہیں اور اب لگتا ہے وہ بھی صحت مند ہو جائیں گے ۔ یہ بھی افواہیں سننے میں آرہی ہیں کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ فروخت کرنے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ اللہ خیر کرے۔ ڈالر کیوں نیچے آرہا ہے یہ آج تک سمجھ نہیں آیا اور یہ پہلے کیوں اوپر جا رہا تھا اس کی بھی سمجھ نہیں آئی، نواز شریف صاحب کی ہی حکومت تھی اس وقت مفتاح اسماعیل صاحب وزارتِ خزانہ چلا رہے تھے اور اب بھی نواز شریف صاحب کی حکومت ہے اور ان کے سمدھی اسحاق ڈار صاحب وزارتِ خزانہ چلا رہے ہیں، فرق صاف ظاہر ہے۔ یہاں میں قارئین کو بتاتا چلوں کہ باہر کے ملک میں ایک  شخص پر سائیکل چوری کا الزام لگا اور کیس چلتا رہا اور آخر میں جب اس کو جج کے سامنے پیش کیا گیا تو جج نے کہا کہ استغاثہ تمہارے خلاف سائیکل کی چوری کا ثبوت فراہم نہیں کر سکا لہٰذا ہم تمہیں باعزت بری کرتے ہیں، ملزم نے جواب دیا جج صاحب تو کیا میں وہ سائیکل استعمال کر سکتا ہوں؟ 

جج نے ہڑبڑا کر کہا کہ یہ جا کر اس کے مالک سے پوچھو، ایسے ہی کچھ ایون فیلڈ میں ہوا۔ ماشاء اللہ برسوں سے ایون فیلڈ میں نوازشریف کی فیملی رہتی تھی اور اچانک پتہ چلا کہ یہ تو منی لانڈرنگ کا پیسہ تھا۔ نیب نے ثابت کیا اور ایک عدالت نے سزا بھی دی مگر دوسری عدالت نے بری کر دیا ۔ پہلے انہوں نے کہا تھا کہ میری تو کوئی پراپرٹی نہیں ہے پھر اچانک اتنی بڑی پراپرٹی نکل آئی یہ بھی کمال کی بات ہے ۔ نواز شریف نے بھی اسمبلی میں بھی یہی بیان دیا کہ الحمدللہ ہماری کوئی پراپرٹی نہیں ہے، پھر کہا کہ یہ میرے بچوں کی ہے اور وہ اب پاکستانی نہیں ہیں، طرح طرح کے بہانے تراشتے رہے قطری خط بھی آیا مگر پھر بھی سزا ہوئی اب نواز شریف کو واپس لا نے کیلئے میرا خیال ہے فیصل واوڈا کیس کی طرح ان کا کیس بھی ایسے ہی سنا جائے گا اور شاید وہی فیصلہ ہو کہ ایک آدمی کو کیسے ہمیشہ کے لئے نااہل قرار دیاجا سکتا ہے۔ اتفاق کی بات ہے وہ بھی سپریم کورٹ کا فیصلہ تھا۔

حکومت نے اب اراکینِ پارلیمنٹ کی گرفتاریاں روکنے سے متعلق اہم بل سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ سینیٹ میں ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری کو مشکل ترین بنانے کا بل سینیٹر میاں رضاربانی نے پیش کیا جو مسٹر کلین سمجھے جاتے ہیں ۔ مجوزہ بل میں ارکان پارلیمنٹ کی قتل سمیت کسی بھی الزام میں گرفتاری انتہائی مشکل بنائی جارہی ہے، کسی رکن اسمبلی یا سینیٹ کو اجلاس سے 8 دن قبل گرفتار نہیں کیا جاسکے گا، پارلیمنٹ کے احاطے سے اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ کی اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کیا جائے گا، عدالتی کارروائی بھی کسی سیشن کے دوران نہیں کی جاسکے گی۔ بل میں مزید کہا گیا ہے کہ اجلاس سے 15 روز قبل اور 15 روز بعد تک کے پروڈکشن آررڈز جاری کرنا ہوں گے۔ سبحان اللہ کیسی منطق نکالی گئی ہے خیال رہے کہ چیف جسٹس خود نیب اور دیگر ترامیم پر برہمی کا اظہار کر چکے ہیں مگر ہمارے سیاستدان باز ہی نہیں آرہے۔

خلیل احمد نینی تا ل والا

بشکریہ روزنامہ جنگ


Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments